TRUE HADITH
Home
About
Mission
Contact
مشکوۃ شریف
جنت اور اہل جنت کے حالات کا بیان
اہل جنت کا دائمی عیش وشباب
وعن أبي هريرة قال : قال رسول الله صلى الله عليه و سلم : " من يدخل الجنة ينعم ولا يبأس ولا تبلى ثيابه ولا يفنى شبابه " . رواه مسلم-
" اور حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا " جو بھی شخص جنت میں داخل ہوگا عیش وعشرت میں رہے گا نہ فکر وغم اس کے پاس پھٹکے گا نہ اس کے کپڑے میلے پرانے ہوں گے اور نہ اس کا شباب فناہ ہوگا ۔ " ( مسلم ) تشریح : جنت اپنی تمام تر نعمتوں آسائشوں اور راحتوں کے ساتھ " دار القرار والثبات " ہے یعنی وہاں کسی بھی نعمت و راحت کو نہ زوال وفناہ ہے اور نہ وہاں کی پر آسائش زندگی میں کسی غم وفکر تغیر وتبدل اور نقصان وخرابی کا خوف ہوگا ۔
-
وعن أبي سعيد وأبي هريرة أن رسول الله صلى الله عليه و سلم قال : " ينادي مناد : إن لكم أن تصحوا فلا تسقموا أبدا وإن لكم أن تحيوا فلا تموتوا أبدا وإن لكم أن تشبوا فلا تهرموا أبدا وإن لكم أن تنعموا فلا تبأسوا أبدا " رواه مسلم-
اور حضرت ابوسعید خدری وحضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہما کہتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : " جنت میں ایک منادی کرنے والا یہ منادی کیا کرے گا ( کہ اے جنتیو! ) تم صحت وتندرستی کے ساتھ رہو تمہیں کبھی بھی کوئی بیماری لاحق نہیں ہوگی تم ہمیشہ ہمیشہ زندہ سلامت رہو موت کبھی تمہارے پاس بھی نہیں آئے گی ، تم سدا جوان رہو بڑھاپا کبھی تمہارے پاس بھی نہیں پھٹکے گا اور تم عیش وعشرت کی زندگی گزارو کسی بھی طرح کے فکر وغم اور رنج والم کا تم تک گزر بھی نہیں ہوگا ۔ " (مسلم )
-