فجر اور عشاء کی نمازوں کی فضیلت

وَعَنْ اُبَیِّ بْنِ کَعْبٍ قَالَ صَلَّی بِنَا رَسُوْلُ اﷲِ صلی اللہ علیہ وسلم یَوْمًا الصُبْحَ فَلَمَّا سَلَّمَ قَالَ اَشَاھِدٌ فَلَانٌ قَالُوْا لَا قَالَ اَشَاھِدٌ فَلَانٌ قَالُوْا لَا قَالَ اِنَّ ھَاتَیْنِ الصَّلاَ تَیْنِ اَثْقَلُ الصَّلَوَاتِ عَلَی الْمُنَافِقِیْنَ وَلَوْ تَعْلَمُوْنَ مَا فِیْھِمَا لَا تَیْتُمْوھُمَا وَلَوْ حَبْوًا عَلَی الرُّکَبِ وَاِنَّ الصَّفَّ الْاَوَّلَ عَلٰی مِثْلِ صَفِّ الْمَلَائِکَۃِ وَلَوْ عَلِمْتُمْ مَافَضِیْلَتُہ، لَا بْتَدَرْتُمُوْہُ وَاِنَّ صَلَاۃَ الرَّجُلِ مَعَ الرَّجُلِ اَزْکٰی مِنْ صَلَاتِہٖ وَحْدَہُ وَصَلَاتِہٖ مَعَ الرَّجُلَیْنِ اَزْکٰی مِنْ صَلَاتِہٖ مَعَ الرَّجُلِ وَمَاکَثُرَ فَھُوَ اَحَبُّ اِلَی اﷲِ۔ (رواہ ابوداؤد و النسائی )-
" اور حضرت ابی بن کعب رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ ایک روز سرور کو نین صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں فجر کی نماز پڑھائی جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم سلام پھیر چکے تو ( ایک آدمی کا نام لے کر اس کے بارے میں ) فرمایا کہ فلاں آدمی حاضر ہے؟ صحابہ نے عرض کیا کہ نہیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے (ایک دوسرے آدمی کا نام لے کر اس کے بارے میں) فرمایا کہ فلاں شخص حاضر ہے، صحابہ نے عرض کیا کہ نہیں۔ (اس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا " تمام نمازوں میں سے یہ دونوں (یعنی فجر و عشاء ) کی نمازیں منافقین پر بہت گراں گزرتی ہیں، اگر تم جان لیتے کہ ان دونوں نمازوں کا کتنا ثواب ہے ، تو تم (دوڑ کر اور ) گھٹنوں کے بل (یعنی افتاں و خیزاں) آتے اور (ثواب و فضیلت نیز تقرب الی اللہ کے سلسلے میں) پہلی صف فرشتوں کی صف کی طرح ہے اگر تم پہلی صف کی فضیلت جان لو تو اس میں شامل ہونے کے لیے جلدی پہنچنے کی کوشش کرنے لگو اور آدمی کا اکیلے نماز پڑھنے سے دوسرے آدمی کے ساتھ مل کر پڑھنا زیادہ ثواب کا باعث ہے اور دو آدمیوں کے ساتھ مل کر نماز پڑھنا ایک آدمی کے ساتھ نماز پڑھنے سے زیادہ ثواب کا باعث ہے اور جس قدر زیادہ (نمازی ایک ساتھ یعنی جماعت سے نماز پڑھتے) ہوں اللہ کے نزدیک یہ سب سے محبوب ہے۔" (سنن ابوداؤد، سنن نسائی) تشریح منافق کا ہر عمل ریا پر مبنی ہوتا ہے اور اس کی ہر عبادت نمائش کی خاطر ہوتی ہے چنانچہ فجر و عشاء کے علاوہ دوسری نمازیں تو منافقین پر زیادہ گراں نہیں گزرتیں کیونکہ ان نمازوں میں نہ صرف یہ کہ زیادہ کسل و سستی نہیں ہوتی بلکہ زیادہ نمائش بھی خوب ہو جاتی ہے برخلاف اس کے کہ فجر وعشا کی نماز میں چونکہ محنت زیادہ کرنا پڑتی ہے ۔ کسل بھی ہوتا ہے اور پھر یہ کہ ریا و نمائش کا زیادہ موقع نہیں ملتا اس لئے دونوں نمازیں ان پر بڑی گراں گزرتی ہیں۔ اسی کی طرف اس حدیث میں اشارہ فرمایا گیا ہے اور اس کے بعد ان دونوں نمازوں کی فضیلت کو ظاہر کر دیا گیا ہے تاکہ مخلص و صادق مسلمان ان نمازوں سے کسی بھی وجہ سے محروم نہ رہیں۔
-