عداوت کی برائی۔

وعنه قال قال رسول الله صلى الله عليه وسلم تفتح أبواب الجنة يوم الإثنين ويوم الخميس فيغفر لكل عبد لا يشرك بالله شيئا إلا رجلا كانت بينه وبين أخيه شحناء فيقال انظروا هذين حتى يصطلحا . رواه مسلم-
" اور حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ نے فرمایا، پیر اور جمعرات کے دن جنت کے دروازے کھولے جاتے ہیں اور پھر ہر اس بندے کی بخشش کی جاتی ہے جو خدا کے ساتھ کسی شریک نہ کرتا البتہ وہ شخص اس بخشش سے محروم رہتا ہے جو اپنے اور کسی مسلمان بھائی کے درمیان عداوت رکھتا ہو اور فرشتوں سے کہا جاتا ہے ان دونوں کو جو آپس میں عداوت و دشمنی رکھتے ہیں مہلت دو تاآنکہ وہ آپس میں صلح و صفائی کر لیں۔ مسلم۔ تشریح جنت کے دروازے کھولے جاتے ہیں کا مطلب یہ ہے کہ جنت کے طبقات درجات یا اس کے بالا خانے ان دونوں میں کھول دیئے جاتے ہیں کیونکہ ان دونوں میں حق تعالیٰ کی رحمت و کثرت سے نازل ہوتی ہے جو بندوں کی مغفرت کا باعث ہوتی ہے ۔ (ملاعلی قاری) اور شیخ عبدالحق نے یہ لکھا ہے کہ دروازوں کا کھلنا دراصل اس بات سے کنایہ ہے کہ ان دونوں میں بندوں کو بہت زیادہ مغفرت سے نوازا جاتا ہے ان کے گناہ و جرائم سے درگزر کیا جاتا ہے اور انہیں ثواب کی کثرت اور بلندی درجات کی سعادت سے سرفراز کیا جاتا ہے لیکن زیادہ صحیح بات یہ ہے کہ حدیث کے الفاظ کو ان کے ظاہری معنی پر محمول کیا جائے کیونکہ نصوص (یعنی قرآن و حدیث میں منقول احکام ) کو ان کے ظاہری مفہوم پر عمل کرنا واجب ہے تاوقتیکہ کوئی ایسی واضح دلیل موجود نہ ہو جس سے اس سے ظاہری مفہوم کے بجائے کوئی دوسرا مطلب مراد لیا جا سکتا ہو۔" تاآنکہ وہ آپس میں صلح و صفائی کر لیں" یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ان دونوں میں سے ہر ایک کی مغفرت باہمی صلح و صفائی اور عداوت کے ختم ہو جانے پر موقوف رہتی ہے خواہ وہ دونوں ہی ایک دوسرے سے عداوت رکھتے ہوں یا ان میں سے ایک عداوت رکھتا ہو اور دوسرا اس عداوت سے صاف ہو۔
-
وعنه قال قال رسول الله صلى الله عليه وسلم تعرض أعمال الناس في كل جمعة مرتين يوم الإثنين ويوم الخميس فيغفر لكل مؤمن إلا عبدا بينه بين أخيه شحناء فيقال اتركوا هذين حتى يفيئا . رواه مسلم-
" اور حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ نے فرمایا ہر ہفتہ میں دوبار پیر اور جمعرات کے دن پروردگار کے حضور کے لوگوں کے عمل پیش کیے جاتے ہیں چنانچہ ہر مومن بندہ کی مغفرت کی جاتی ہے علاوہ ازیں اس بندہ کے جو اپنے اور کسی مسلمان کے درمیان عداوت رکھتا ہو ان کے بارے میں کہہ دیا جاتا ہے کہ ان دونوں کو مہلت دو تاکہ وہ رجوع کر لیں اور عداوت سے باز آ جائیں۔ (مسلم)
-