TRUE HADITH
Home
About
Mission
Contact
مشکوۃ شریف
طب کا بیان
شہد کی فضیلت
وعنه قال قال رسول الله صلى الله عليه وسلم من لعق العسل ثلاث غدوات في كل شهر لم يصبه عظيم البلاء .-
اور حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جو شخص ہر مہینے میں تین دن صبح کے وقت شہد چاٹ لیا کرے تو وہ کسی بڑی مصیبت میں مبتلا نہیں ہوتا ۔" تشریح مطلب یہ ہے کہ شہد کی برکت و خاصیت سے بڑی مصیبت و بلا تک دفع ہو جاتی ہے خواہ وہ کسی سخت بیماری کی صورت میں ہو یا کسی اور صورت میں چہ جائیکہ کوئی چھوٹی مصیبت و بلا ہو۔ سفر السعادۃ کے مصنف نے لکھا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم روزانہ ایک پیالہ میں شہد کو پانی میں ملا کر گھونٹ گھونٹ نوش فرماتے تھے، علماء نے لکھا ہے کہ شہد کو پانی میں ملا کر پینے سے حفظان صحت وہ نعمت حاصل ہوتی ہے جس کی معرفت کی راہ عارفین ہی جان سکتے ہیں چنانچہ شہد کے جو بیشمار فوائد وخواص ہیں ان کی بناء پر ارباب طب و تحقیق کا یہ فیصلہ ہے کہ شہد بلا شبہ ایک ایسی نعمت الہٰی ہے جس کا کوئی بدل نہیں ہو سکتا، جالینوس کا کہنا ہے کہ خالص طور پر بیماریوں کے لئے شہد بہتر کوئی چیز نہیں ہے ۔ اطباء لکھتے ہیں کہ نہار منہ شہد کو پینا یا چاٹنا بلغم کو چھانٹتا ہے ۔ معدے کو صاف کرتا ہے لزوجت اور فصلات کو دور کرتا ہے، معدے کو اعتدال کے ساتھ گرمی پہنچاتا ہے اور سدوں کو کھولتا ہے ، علاوہ ازیں یہ جلندر ، استرخاء اور ہر قسم کے ریاح کو زائل کرتا ہے ، پیشاب، حیض، اور دودھ کو جاری کرتا ہے مثانہ و گردہ کی پتھری کو توڑتا ہے اور رطوبت ردیہ کو دفع کرتا ہے ۔
-
وعن عبد الله بن مسعود قال قال رسول الله صلى الله عليه وسلم عليكم بالشفاءين العسل والقرآن . رواهما ابن ماجه والبيهقي في شعب الإيمان وقال والصحيح أن الأخير موقوف على ابن مسعود .-
اور حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ۔شفا دینے والی دونوں چیزوں کو اپنے اوپر لازم کر لو، ایک تو شہد دوسرے قرآن ۔ ان دونوں روایتوں کو ابن ماجہ اور بہیقی نے شعب الایمان میں نقل کیا ہے نیز بہیقی نے کہا ہے کہ صحیح یہ ہے کہ دوسری حدیث (یعنی علیکم بالشائین ) مرفوع (آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ) نہیں ہے بلکہ ابن مسعود رضی اللہ عنہ پر موقوف ہے یعنی ان کا اپنا قول ہے ۔" تشریح شہد کی یہ فضیلت اس لئے ہے کہ اس میں شفا کا ہونا قرآن کریم سے ثابت ہے جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے فیہ شفاء للناس ۔ یعنی اس میں لوگوں کے لئے شفا ہے اور خود قرآن مجید بھی کائنات انسانی کے لئے شفاء و رحمت ہے جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ا یت (ھدی و شفاء الما فی الصدور) (یعنی یہ قرآن دلوں کی بیماریوں کے لئے ہدایت اور شفا ہے ) لیکن ان دونوں میں فرق یہ ہے کہ شہد تو محض ظاہری جسمانی بیماریوں کے لئے شفا ہے جب کہ قرآن کریم ظاہر و باطن یعنی جسم و روح دونوں کی بیماریوں کے لئے شفا ہے اسی لئے قرآن کریم کے حق میں ہدی وشفآء فرمایا گیا ہے ۔
-