TRUE HADITH
Home
About
Mission
Contact
مشکوۃ شریف
نماز کا بیان
درود بھیجنے کی فضیلت
وَعَنْ اَبِیْ ھُرَےْرَۃَ ص قَالَ قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللہ علیہ وسلم مَنْ صَلّٰی عَلَیَّ وَاحِدَۃً صَلَّی اللّٰہُ عَلَےْہِ عَشْرًا۔(صحیح مسلم)-
" اور حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ راوی ہیں کہ آقائے نامدار صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا " جو آدمی مجھ پر ایک مرتبہ درود بھیجے گا اللہ تعالیٰ اس پر دس رحمتیں نازل فرمائے گا۔" (صحیح مسلم) تشریح چونکہ ارشاد ربانی ہے من جاء بالحسنۃ فلہ عشر امثا لھا یعنی جو آدمی ایک نیکی کرتا ہے تو اس کے لیے اس جیسی دس نیکیوں کا ثواب ہے اس لیے جو آدمی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر ایک مرتبہ درود بھیجتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس خوشخبری کے مطابق اس آدمی پر دس مرتبہ رحمت نازل فرماتا ہے۔
-
وَعَنْ اَنَسٍ قَالَ قَالَ رَسُوْلُ اﷲِ صلی اللہ علیہ وسلم مَنْ صَلَّی عَلَیَّ صَلَاۃً وَّاحِدَۃً صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ عَشْرَ صَلٰواتٍ وَحُطَّتْ عَنْہُ عَشْرُ خَطِیْأَتٍ وَرَفَعْتُ لَہ، عَشْرُ دَرَجَاتٍ ۔ (رواہ النسائی )-
" حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ راوی ہیں کہ رحمت عالم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا " جو آدمی مجھ پر ایک مرتبہ درود بھیجے گا اللہ تعالیٰ اس پر دس (مرتبہ) رحمتیں نازل فرمائے گا، اس کے دس گناہوں کو معاف کرے گا اور (تقرب الی اللہ کے سلسلے میں) اس کے دس درجے بلند کرے گا۔" (سنن نسائی )
-
وَعَنِ ابْنِ مَسْعُوْدٍ قَالَ قَالَ رَسُوْلُ اﷲِ صلی اللہ علیہ وسلم اَوْلَی النَّاسَ بِی یَوْمَ الْقِیَامَۃِ اَکْثَرُ ھُمْ عَلَیَّ صَلَاۃً۔ (رواہ الترمذی)-
" اور حضرت عبداللہ ابن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ راوی ہیں کہ رحمت عالم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا " قیامت کے دن لوگوں میں سب سے زیادہ مجھ سے قریب وہ لوگ ہوں گے جو مجھ پر اکثر درود پڑھنے والے ہیں۔" (جامع ترمذی ) تشریح ابن حبان رحمہ اللہ تعالیٰ علیہ نے اس حدیث کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ ارشاد گرامی اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی یہ خوشخبری عظمی محدثین کرام پر زیادہ صادق آتی ہے چونکہ کوئی جماعت محدثین سے زیادہ دورد نہیں بھیجتی اس لیے قیامت کے دن تمام لوگوں میں سب سے زیادہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے قریب یہی مقدس طبقہ ہوگا۔
-