حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے قضاء روزے

عن عائشة قالت : كان يكون علي الصوم من رمضان فما أستطيع أن أقضي إلا في شعبان . قال يحيى بن سعيد : تعني الشغل من النبي أو بالنبي صلى الله عليه و سلم-
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ میرے ذمہ رمضان کے جو روزے ہوتے ان کی قضا میں صرف شعبان ہی کے مہینہ میں رکھ سکتی تھی ۔ یحییٰ بن سعید رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں مشغولیت یا کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت کے ساتھ مشغولیت حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کو (شعبان کے علاوہ کسی اور مہینہ میں) رمضان کے قضا روزے سے باز رکھتی تھی۔ (بخاری ومسلم) حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا رمضان کے اپنے وہ روزے جو حیض کی وجہ سے قضا ہوتے تھے شعبان کے علاوہ اور کسی مہینہ میں رکھنے کی فرصت نہیں پاتی تھیں کیونکہ اور دنوں میں وہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں ہمہ وقت مشغول رہا کرتی تھیں اور اس طرح مستعد رہا کرتی تھیں کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جس وقت بھی خدمت و صحبت کے لیے بلائیں حاضر ہو جائیں، آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم چونکہ شعبان کے مہینے میں اکثر روزے سے رہا کرتے تھے اس لیے اس مہینہ میں حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کو مہلت مل جاتی تو ان کے ذمہ رمضان کے جو روزے ہوتے تھے ان کی قضا رکھتیں۔
-