حضرت جعفر کی فضیلت

وعنه قال : قال رسول الله صلى الله عليه و سلم : " رأيت جعفرا يطير في الجنة مع الملائكة " . رواه الترمذي وقال : هذا حديث غريب-
اور حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا !میں نے جعفر کو جنت میں فرشتوں کے ساتھ اڑتے ہوئے دیکھا ہے اس روایت کو ترمذی نے نقل کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ حدیث غریب ہے ۔" تشریح حضرت جعفر جنگ موتہ میں اسلامی لشکر کے کماندار تھے اور اسلام کا جھنڈا ان کے ہاتھ میں تھا ۔ اس جنگ میں انہوں نے جام شہادت نوش کیا تھا ۔ اصل میں تو اس جنگ کے اسلامی کماندار حضرت زید بن حارثہ رضی اللہ عنہ تھے لیکن دوران جنگ ان کے شہید ہو جانے کے بعد اسلامی لشکر کی کمانداری اور اسلام کا جھنڈا حضرت جعفر کے ہاتھ میں آیا چنانچہ حضرت جعفر کمال مردانگی کے ساتھ اللہ کی راہ میں لڑے پہلے ان کا ایک ہاتھ کام آیا ، پھر دوسرا ہاتھ بھی کام ا گیا اور پھر ٹانگیں بھی قربان ہو گئیں ۔ یہاں تک کہ شہید ہو گئے ادھر تو میدان جنگ میں حضرت جعفر شہید ہوئے ، ادھر مدینہ منورہ میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو حالت مکاشفہ میں یا خواب میں دکھایا گیا کہ جعفر کے دو پنکھ ہیں جو خون میں لتھڑے ہوئے ہیں اور وہ اپنے ان پنکھوں کے ذریعہ فرشتوں کے ساتھ جنت میں اڑے اڑے پھر رہے ہیں ۔"
-