اللہ کی دی ہوئی ہر نعمت کو ظاہر کرنا پسندیدہ ہے

وعن أبي رجاء قال : خرج علينا عمران بن حصين وعليه مطرف من خز وقال : إن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال : " من أنعم الله عليه نعمة فإن الله يحب أن يرى أثر نعمته على عبده " . رواه أحمد-
اور حضرت ابورجاء (تابعی ) کہتے ہیں کہ ایک دن حضرت عمران بن حصین (گھرسے) نکل کر ہمارے پاس آئے تو اس وقت ان کے بدن پر خزکا مطرف (شال ) تھا۔ انہوں نے کہا کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جس شخص کو اللہ تعالیٰ اپنی نعمت سے سرفراز فرمائے تو اللہ تعالیٰ اس بات کو پسند کرتا ہے کہ اس کے بندے پر اس کی نعمت کا اثر دیکھا جائے۔" (احمد ) تشریح مطرف" ایک خاص طرح کا چادر نما کپڑا ہوتا تھا، جس کے دونوں طرف کنارے بنے ہوتے تھے اور قاموس میں لکھا ہے کہ مطرف، جو مکرم کے وزن پر ہے خز کی دھاری دار شال کو کہتے ہیں اس صورت میں " مطرف من خز" اس کپڑے کو کہتے تھے جو ریشم اور اون دونوں سے بنا جاتا تھا ۔ اس کا پہننا مباح ہے ۔چنانچہ یہاں " خز" سے یہی مراد ہے ۔
-