جو حضرات اس بات کے قائل ہیں ایسے شخص پر کفارہ لازم ہوگا

أَخْبَرَنَا مُسْلِمُ بْنُ إِبْرَاهِيمَ حَدَّثَنَا يَزِيدُ بْنُ إِبْرَاهِيمَ قَالَ سَمِعْتُ الْحَسَنَ يَقُولُ فِي الَّذِي يُفْطِرُ يَوْمًا مِنْ رَمَضَانَ قَالَ عَلَيْهِ عِتْقُ رَقَبَةٍ أَوْ بَدَنَةٌ أَوْ عِشْرِينَ صَاعًا لِأَرْبَعِينَ مِسْكِينًا وَفِي الَّذِي يَغْشَى امْرَأَتَهُ وَهِيَ حَائِضٌ مِثْلُ ذَلِكَ-
یزید بن ابراہیم بیان کرتے ہیں: جو شخص رمضان کے مہینے میں ایک دن روزہ نہ رکھے اس کے بارے میں میں نے حسن بصری کو یہ کہتے ہوئے سنا ہے اسے ایک غلام آزاد کرنا ہوگا یا قربانی دینی ہوگی یا چالیس مسکینوں کو بیس صاع غلہ دینا ہوگا اور جو شخص اپنی حائضہ بیوی کے ساتھ جماع کرے اس پر بھی یہی کفارہ لازم ہوگا۔
-
أَخْبَرَنَا أَبُو الْوَلِيدِ حَدَّثَنَا شَرِيكٌ عَنْ خُصَيْفٍ عَنْ مِقْسَمٍ عَنْ ابْنِ عَبَّاسٍ عَنْ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي الَّذِي يَأْتِي امْرَأَتَهُ وَهِيَ حَائِضٌ قَالَ يَتَصَدَّقُ بِنِصْفِ دِينَارٍ-
حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ فرمان ایسے شخص کے بارے میں نقل کرتے ہیں جو اپنی حائضہ بیوی کے ساتھ صحبت کرے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: وہ شخص نصف دینار صدقہ کرے۔
-
حَدَّثَنَا أَبُو الْوَلِيدِ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ عَنْ الْحَكَمِ عَنْ عَبْدِ الْحَمِيدِ عَنْ مِقْسَمٍ عَنْ ابْنِ عَبَّاسٍ فِي الَّذِي يَأْتِي امْرَأَتَهُ وَهِيَ حَائِضٌ قَالَ يَتَصَدَّقُ بِدِينَارٍ أَوْ نِصْفِ دِينَارٍ شَكَّ الْحَكَمُ-
حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ ایسے شخص کے بارے میں نقل کرتے ہیں جو اپنی حائضہ بیوی کے ساتھ صحبت کرلے اسے ایک دینار یا شاید نصف دینار صدقہ کرنا چاہئیے۔ راوی کو شک ہے اس حدیث کے ایک راوی حکم کو شک لاحق ہوا
-
أَخْبَرَنَا سَعِيدُ بْنُ عَامِرٍ عَنْ شُعْبَةَ عَنْ الْحَكَمِ عَنْ عَبْدِ الْحَمِيدِ عَنْ مِقْسَمٍ عَنْ ابْنِ عَبَّاسٍ فِي الَّذِي يَغْشَى امْرَأَتَهُ وَهِيَ حَائِضٌ يَتَصَدَّقُ بِدِينَارٍ أَوْ نِصْفِ دِينَارٍ قَالَ شُعْبَةُ أَمَّا حِفْظِي فَهُوَ مَرْفُوعٌ وَأَمَّا فُلَانٌ وَفُلَانٌ فَقَالَا غَيْرُ مَرْفُوعٍ فَقَالَ بَعْضُ الْقَوْمِ حَدِّثْنَا بِحِفْظِكَ وَدَعْ مَا قَالَ فُلَانٌ وَفُلَانٌ فَقَالَ وَاللَّهِ مَا أُحِبُّ أَنِّي عُمِّرْتُ فِي الدُّنْيَا عُمُرَ نُوحٍ وَأَنِّي حَدَّثْتُ بِهَذَا أَوْ سَكَتُّ عَنْ هَذَا قَالَ أَبُو مُحَمَّد عَبْدُ الحَمِيدِ بْنُ زَيْدِ بْنِ عَبْدِ الرَّحمَنِ بْنِ زَيدِ بْنِ الخَطَّابِ وَكَانَ وَالِيَ عُمَرَ بْنِ عَبْدِ الْعَزِيزِ عَلَى الْكُوفَةِ-
حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ ایسے شخص کے بارے میں جو اپنی حائضہ بیوی کے ساتھ صحبت کرے فرماتے ہیں اسے ایک دینار یا شاید نصف دینار صدقہ کرنا چاہیے۔ شعبہ فرماتے ہیں میری یاد داشت کے مطابق یہ حدیث مرفوع ہے البتہ فلاں اور فلاں راوی نے اسے مرفوع حدیث کے طور پر نقل نہیں کیا۔ بعض محدثین نے ان سے کہا آپ ہمیں اپنی یاد داشت کے مطابق حدیث سنا دیں اور فلاں فلاں راوی نے جو کہا اسے چھوڑ دیں تو شعبہ نے کہا اللہ کی قسم مجھے یہ بات پسند نہیں ہے کہ میں دنیا میں حضرت نوح جتنی لمبی زندگی بسر کروں اور پھر یہ حدیث بیان کردوں یا اسے بیان کرنے سے خاموش رہوں۔ امام ابو محمد دارمی فرماتے ہیں اس حدیث کے ایک راوی عبدالحمید، زید بن عبدالرحمن بن زید بن خطاب کے صاحبزادے ہیں یہ حضرت عمر بن عبدالعزیز کی طرف سے کوفہ کے گورنر تھے۔
-
أَخْبَرَنَا مُحَمَّدُ بْنُ يُوسُفَ حَدَّثَنَا سُفْيَانُ عَنْ ابْنِ جُرَيْجٍ عَنْ عَبْدِ الْكَرِيمِ عَنْ رَجُلٍ عَنْ ابْنِ عَبَّاسٍ قَالَ إِذَا أَتَاهَا فِي دَمٍ فَدِينَارٌ وَإِذَا أَتَاهَا وَقَدْ انْقَطَعَ الدَّمُ فَنِصْفُ دِينَارٍ-
حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں جب مرد اس (حائضہ بیوی) کے ساتھ صحبت کرلے تو اسے ایک دینار دینا ہوگا اور اگر وہ خون کی آمد رک جانے کے بعد صحبت کرلے تو نصف دینار دینا ہوگا ۔
-
أَخْبَرَنَا مُحَمَّدُ بْنُ يُوسُفَ حَدَّثَنَا سُفْيَانُ عَنْ خُصَيْفٍ عَنْ مِقْسَمٍ عَنْ ابْنِ عَبَّاسٍ قَالَ قَالَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي الَّذِي يَقَعُ عَلَى امْرَأَتِهِ وَهِيَ حَائِضٌ يَتَصَدَّقُ بِنِصْفِ دِينَارٍ-
حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے نبی اکرم ایسے شخص کے بارے میں جو اپنی حائضہ بیوی کے ساتھ صحبت کرلے یہ ارشاد فرمایا ہے اسے نصف دینار صدقہ کرنا چاہیے۔
-
أَخْبَرَنَا مُحَمَّدُ بْنُ يُوسُفَ حَدَّثَنَا الْأَوْزَاعِيُّ عَنْ يَزِيدَ بْنِ أَبِي مَالِكٍ عَنْ عَبْدِ الْحَمِيدِ بْنِ زَيْدِ بْنِ الْخَطَّابِ قَالَ كَانَ لِعُمَرَ بْنِ الْخَطَّابِ امْرَأَةٌ تَكْرَهُ الْجِمَاعَ فَكَانَ إِذَا أَرَادَ أَنْ يَأْتِيَهَا اعْتَلَّتْ عَلَيْهِ بِالْحَيْضِ فَوَقَعَ عَلَيْهَا فَإِذَا هِيَ صَادِقَةٌ فَأَتَى النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَأَمَرَهُ أَنْ يَتَصَدَّقَ بِخُمُسَيْ دِينَارٍ-
عبدالحمید بن زید بن خطاب بیان کرتے ہیں حضرت عمر بن خطاب کی ایک اہلیہ تھیں جنہیں صحبت کرنا پسند نہیں تھا جب حضرت عمر ان کے ساتھ صحبت کرنے لگے تو انہوں نے یہ عذر پیش کیا کہ انہیں حیض آیا ہوا ہے لیکن حضرت عمر نے انکے ساتھ صحبت کرلی اس خاتون کا بیان درست تھا، حضرت عمر نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں دینار کا پانچواں حصہ خیرات کرنے کا حکم دیا۔
-
أَخْبَرَنَا عُبَيْدُ اللَّهِ بْنُ مُوسَى عَنْ أَبِي جَعْفَرٍ الرَّازِيِّ عَنْ عَبْدِ الْكَرِيمِ عَنْ مِقْسَمٍ عَنْ ابْنِ عَبَّاسٍ عَنْ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ إِذَا أَتَى الرَّجُلُ امْرَأَتَهُ وَهِيَ حَائِضٌ فَإِنْ كَانَ الدَّمُ عَبِيطًا فَلْيَتَصَدَّقْ بِدِينَارٍ وَإِنْ كَانَتْ صُفْرَةً فَلْيَتَصَدَّقْ بِنِصْفِ دِينَارٍ-
حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ فرمان نقل کرتے ہیں جب کوئی شخص اپنی حائضہ بیوی کے ساتھ صحبت کرلے تو اگر اس کا خون سرخ ہو تو اس شخص کو دینار صدقہ کرلینا چاہیے اور اگر زرد ہو تو اس شخص کو نصف دینار صدقہ کرنا چاہیے۔
-
أَخْبَرَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ مُحَمَّدٍ حَدَّثَنَا حَفْصٌ هُوَ ابْنُ غِيَاثٍ عَنْ الْأَعْمَشِ عَنْ الْحَكَمِ عَنْ مِقْسَمٍ عَنْ ابْنِ عَبَّاسٍ أَنَّهُ سُئِلَ عَنْ الَّذِي يَأْتِي امْرَأَتَهُ وَهِيَ حَائِضٌ قَالَ يَتَصَدَّقُ بِدِينَارٍ أَوْ بِنِصْفِ دِينَارٍ و قَالَ إِبْرَاهِيمُ يَسْتَغْفِرُ اللَّهَ-
حضرت ابن عباس کے بارے میں منقول ہے کہ ان سے ایسے شخص کے بارے میں سوال کیا گیا جو اپنی حائضہ بیوی کے ساتھ صحبت کرلیتا ہے تو انہوں نے جواب دیا اس شخص کو ایک دینار یا شاید نصف دینار صدقہ کرنا چاہیے۔
-
أَخْبَرَنَا عَمْرُو بْنُ عَوْنٍ عَنْ خَالِدِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ عَنْ ابْنِ أَبِي لَيْلَى عَنْ عَطَاءٍ عَنْ ابْنِ عَبَّاسٍ قَالَ إِذَا وَقَعَ عَلَى امْرَأَتِهِ وَهِيَ حَائِضٌ فَعَلَيْهِ أَنْ يَتَصَدَّقَ بِدِينَارٍ-
حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں جب کوئی شخص اپنی حائضہ بیوی کے ساتھ صحبت کرلے تو اس کے اوپر ایک دینار صدقہ لازم ہوگا۔
-
أَخْبَرَنَا يَعْلَى بْنُ عُبَيْدٍ حَدَّثَنَا عَبْدُ الْمَلِكِ عَنْ عَطَاءٍ فِي رَجُلٍ جَامَعَ امْرَأَتَهُ وَهِيَ حَائِضٌ قَالَ يَتَصَدَّقُ بِدِينَارٍ-
جو شخص اپنی حائضہ بیوی کے ساتھ صحبت کرلے اس شخص کے بارے میں عطا فرماتے ہیں اسے ایک دینار صدقہ کرنا ہوگا۔
-
أَخْبَرَنَا عُبَيْدُ اللَّهِ بْنُ مُوسَى عَنْ ابْنِ أَبِي لَيْلَى عَنْ مِقْسَمٍ عَنْ ابْنِ عَبَّاسٍ قَالَ يَتَصَدَّقُ بِدِينَارٍ أَوْ نِصْفِ دِينَارٍ-
حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں اسے ایک دینار صدقہ کرنا ہوگا (راوی کو شک ہے) یا شاید نصف دینار۔
-
أَخْبَرَنَا وَهْبُ بْنُ سَعِيدٍ عَنْ شُعَيْبِ بْنِ إِسْحَقَ عَنْ الْأَوْزَاعِيِّ فِي رَجُلٍ يَغْشَى امْرَأَتَهُ وَهِيَ حَائِضٌ أَوْ رَأَتْ الطُّهْرَ وَلَمْ تَغْتَسِلْ قَالَ يَسْتَغْفِرُ اللَّهَ وَيَتَصَدَّقُ بِخُمُسَيْ دِينَارٍ-
جو شخص اپنی حائضہ بیوی کے ساتھ (یا اسی بیوی کے ساتھ) جو طہر دیکھ چکی ہو اور اس نے غسل نہ کیا ہو صحبت کرلیتا ہے تو اس کے بارے میں امام اوزاعی فرماتے ہیں اسے اللہ سے مغفرت طلب کرنی چاہیے اور دینار کا پانچواں حصہ صدقہ کرنا چا ہیے۔
-
أَخْبَرَنَا مُحَمَّدُ بْنُ عُيَيْنَةَ عَنْ عَلِيِّ بْنِ مُسْهِرٍ عَنْ عَبْدِ الْمَلِكِ عَنْ عَطَاءٍ قَالَ إِذَا وَقَعَ الرَّجُلُ عَلَى امْرَأَتِهِ وَهِيَ حَائِضٌ يَتَصَدَّقُ بِنِصْفِ دِينَارٍ فَقَالَ لَهُ رَجُلٌ مِنْ الْقَوْمِ فَإِنَّ الْحَسَنَ يَقُولُ يُعْتِقُ رَقَبَةً فَقَالَ مَا أَنْهَاكُمْ أَنْ تَقَرَّبُوا إِلَى اللَّهِ مَا اسْتَطَعْتُمْ-
عطاء بیان کرتے ہیں جب کوئی شخص اپنی حائضہ بیوی کے ساتھ صحبت کرلے تو اسے نصف دینار صدقہ کرنا چا ہیے حاضرین میں سے ایک صاحب نے ان سے کہا حسن بصری فرماتے ہیں اسے غلام آزاد کرنا چاہیے انہوں نے فرمایا میں تمہیں اس بات سے منع نہیں کرتا جہاں تک تمہاری گنجائش ہو تم اللہ کی بارگاہ میں زیادہ نیکی پیش کرو۔
-
أَخْبَرَنَا عُبَيْدُ اللَّهِ بْنُ مُوسَى عَنْ ابْنِ أَبِي لَيْلَى عَنْ عَطَاءٍ عَنْ ابْنِ عَبَّاسٍ فِي الَّذِي يَقَعُ عَلَى امْرَأَتِهِ وَهِيَ حَائِضٌ قَالَ يَتَصَدَّقُ بِدِينَارٍ-
حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ اس شخص کے بارے میں جو اپنی بیوی سے حیض کی حالت میں صحبت کرلے فرماتے ہیں اسے ایک دینار صدقہ کرنا چاہیے۔
-