بیٹھ کر نماز پڑھنے کا بیان

حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ قُدَامَةَ بْنِ أَعْيَنَ حَدَّثَنَا جَرِيرٌ عَنْ مَنْصُورٍ عَنْ هِلَالٍ يَعْنِي ابْنَ يَسَافٍ عَنْ أَبِي يَحْيَی عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عَمْرٍو قَالَ حُدِّثْتُ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ صَلَاةُ الرَّجُلِ قَاعِدًا نِصْفُ الصَّلَاةِ فَأَتَيْتُهُ فَوَجَدْتُهُ يُصَلِّي جَالِسًا فَوَضَعْتُ يَدَيَّ عَلَی رَأْسِي فَقَالَ مَا لَکَ يَا عَبْدَ اللَّهِ بْنَ عَمْرٍو قُلْتُ حُدِّثْتُ يَا رَسُولَ اللَّهِ أَنَّکَ قُلْتَ صَلَاةُ الرَّجُلِ قَاعِدًا نِصْفُ الصَّلَاةِ وَأَنْتَ تُصَلِّي قَاعِدًا قَالَ أَجَلْ وَلَکِنِّي لَسْتُ کَأَحَدٍ مِنْکُمْ-
محمد بن قدامہ، اعین، جریر، منصور، ہلال، حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ مجھ سے حدیث بیان کی گئی کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا بیٹھ کر نماز پڑھنا (کھڑے ہو کر پڑھنے کی بنسبت) نصف ثواب رکھتا ہے اور ایک مرتبہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا تو دیکھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بیٹھ کر نماز پڑھ رہے ہیں میں نے اپنے سر پر ہاتھ مارا (یعنی تعجب کا اظہار کیا) آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے پوچھا اے عبداللہ بن عمرو کیا ہوا؟ میں نے عرض کیا یا رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مجھ سے کسی نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا یہ ارشاد نقل کیا تھا کہ بیٹھ کر نماز پڑھنے والے کا نماز ( میں ثواب) آدھا ہے اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بیٹھ کر نماز ادا فرما رہے تھے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ہاں (میں نے ایسا ہی کہا تھا) لیکن میں تم لوگوں کی طرح نہیں ہوں (یہ حکم عامة الناس کے لیے ہے میری ذات اس سے مستثنی ہے۔
-
حَدَّثَنَا مُسَدَّدٌ حَدَّثَنَا يَحْيَی عَنْ حُسَيْنٍ الْمُعَلِّمِ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ بُرَيْدَةَ عَنْ عِمْرَانَ بْنِ حُصَيْنٍ أَنَّهُ سَأَلَ النَّبِيَّ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَنْ صَلَاةِ الرَّجُلِ قَاعِدًا فَقَالَ صَلَاتُهُ قَائِمًا أَفْضَلُ مِنْ صَلَاتِهِ قَاعِدًا وَصَلَاتُهُ قَاعِدًا عَلَی النِّصْفِ مِنْ صَلَاتِهِ قَائِمًا وَصَلَاتُهُ نَائِمًا عَلَی النِّصْفِ مِنْ صَلَاتِهِ قَاعِدًا-
مسدد، یحیی، حسین، عبداللہ بن بریدہ، حضرت عمران بن حصین رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے بیٹھ کر نماز پڑھنے کے متعلق دریافت کیا آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کھڑے ہو کر نماز پڑھنا بیٹھ کر نماز پڑھنا سے افضل ہے اور بیٹھ کر نماز پڑھنے میں کھڑے ہو کر نماز پڑھنے کی بنسبت آدھا ثواب ملتا ہے اور لیٹ کر نماز پڑھنے میں بیٹھ کر نماز پڑھنے کی بنسبت آدھا ثواب ملتا ہے۔
-
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ سُلَيْمَانَ الْأَنْبَارِيُّ حَدَّثَنَا وَکِيعٌ عَنْ إِبْرَاهِيمَ بْنِ طَهْمَانَ عَنْ حُسَيْنٍ الْمُعَلِّمِ عَنْ ابْنِ بُرَيْدَةَ عَنْ عِمْرَانَ بْنِ حُصَيْنٍ قَالَ کَانَ بِي النَّاصُورُ فَسَأَلْتُ النَّبِيَّ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَقَالَ صَلِّ قَائِمًا فَإِنْ لَمْ تَسْتَطِعْ فَقَاعِدًا فَإِنْ لَمْ تَسْتَطِعْ فَعَلَی جَنْبٍ-
محمد بن سلیمان، وکیع، ابراہیم بن طمہان، حضرت عمران بن حصین رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ مجھے ناسور ہو گیا تھا میں نے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے (ایسی حالت میں نماز پڑھنے کے متعلق) دریافت کیا تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کھڑے ہو کر نماز پڑھ اگر کھڑا نہیں ہو سکتا تو بیٹھ کر نماز پڑھ اور اگر بیٹھ نہیں سکتا تو پھر کروٹ سے لیٹ کر نماز پڑھ۔
-
حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ يُونُسَ حَدَّثَنَا زُهَيْرٌ حَدَّثَنَا هِشَامُ بْنُ عُرْوَةَ عَنْ عُرْوَةَ عَنْ عَائِشَةَ قَالَتْ مَا رَأَيْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقْرَأُ فِي شَيْئٍ مِنْ صَلَاةِ اللَّيْلِ جَالِسًا قَطُّ حَتَّی دَخَلَ فِي السِّنِّ فَکَانَ يَجْلِسُ فِيهَا فَيَقْرَأُ حَتَّی إِذَا بَقِيَ أَرْبَعُونَ أَوْ ثَلَاثُونَ آيَةً قَامَ فَقَرَأَهَا ثُمَّ سَجَدَ-
احمد بن عبداللہ بن یونس، زہیر، ہشام بن عروہ، حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ میں نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو رات کی نماز (تہجد) کبھی بیٹھ کر پڑھتے نہیں دیکھا یہاں تک آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ضعیف ہو گئے پس آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نماز میں بیٹھ کر قرات کرتے جب تیس یا چالیس آیتیں باقی رہ جاتیں تو تو ان باقی ماندہ آیات کو کھڑے ہو کر پڑھتے اسکے بعد رکوع سجدہ کرتے۔
-
حَدَّثَنَا الْقَعْنَبِيُّ عَنْ مَالِکٍ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ يَزِيدَ وَأَبِي النَّضْرِ عَنْ أَبِي سَلَمَةَ بْنِ عَبْدِ الرَّحْمَنِ عَنْ عَائِشَةَ زَوْجِ النَّبِيِّ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ کَانَ يُصَلِّي جَالِسًا فَيَقْرَأُ وَهُوَ جَالِسٌ وَإِذَا بَقِيَ مِنْ قِرَائَتِهِ قَدْرُ مَا يَکُونُ ثَلَاثِينَ أَوْ أَرْبَعِينَ آيَةً قَامَ فَقَرَأَهَا وَهُوَ قَائِمٌ ثُمَّ رَکَعَ ثُمَّ سَجَدَ ثُمَّ يَفْعَلُ فِي الرَّکْعَةِ الثَّانِيَةِ مِثْلَ ذَلِکَ قَالَ أَبُو دَاوُد رَوَاهُ عَلْقَمَةُ بْنُ وَقَّاصٍ عَنْ عَائِشَةَ عَنْ النَّبِيِّ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نَحْوَهُ-
قعنبی، مالک، عبداللہ بن بریز نضر، ابوسلمہ بن عبدالرحمن، زوجہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بیٹھ کر نماز پڑھتے تو بیٹھے بیٹھے قرات کرتے تھے اور جب تیس یا چالیس آیات کے بقدر قرات باقی رہ جاتی تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کھڑے ہو جاتے اور باقی ماندہ قرات کو کھڑے ہو کر پڑھتے پھر رکوع کرتے اور اس کے بعد سجدہ کرتے پھر دوسری رکعت میں بھی اس طرح کرتے ابوداؤد کہتے ہیں کہ اس روایت کو علقمہ بن عباس نے بواسطہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اسی طرح روایت کیا ہے
-
حَدَّثَنَا مُسَدَّدٌ حَدَّثَنَا حَمَّادُ بْنُ زَيْدٍ قَالَ قَالَ سَمِعْتُ بُدَيْلَ بْنَ مَيْسَرَةَ وَأَيُّوبَ يُحَدِّثَانِ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ شَقِيقٍ عَنْ عَائِشَةَ قَالَتْ کَانَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يُصَلِّي لَيْلًا طَوِيلًا قَائِمًا وَلَيْلًا طَوِيلًا قَاعِدًا فَإِذَا صَلَّی قَائِمًا رَکَعَ قَائِمًا وَإِذَا صَلَّی قَاعِدًا رَکَعَ قَاعِدًا-
مسدد، حماد بن زید، بدیل بن میسرہ، ایوب، حضرت عائشہ رضی اللہ عنہاسے روایت ہے کہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم رات میں دیر تک کھڑے ہو کر نماز پڑھتے اور دیر تک بیٹھ کر نماز پڑھتے البتہ جب کھڑے ہو کر نماز پڑھتے تو رکوع بھی کھڑے ہو کر کرتے اور جب بیٹھ کر نماز پڑھتے تو رکوع بھی بیٹھ کر کرتے۔
-
حَدَّثَنَا عُثْمَانُ بْنُ أَبِي شَيْبَةَ حَدَّثَنَا يَزِيدُ بْنُ هَارُونَ حَدَّثَنَا کَهْمَسُ بْنُ الْحَسَنِ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ شَقِيقٍ قَالَ سَأَلْتُ عَائِشَةَ أَکَانَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقْرَأُ السُّورَةَ فِي رَکْعَةٍ قَالَتْ الْمُفَصَّلَ قَالَ قُلْتُ فَکَانَ يُصَلِّي قَاعِدًا قَالَتْ حِينَ حَطَمَهُ النَّاسُ-
عثمان بن ابی شیبہ، یزید بن ہارون، کہمس بن حسن، حضرت عبداللہ بن شقیق رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے پوچھا کیا رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایک رکعت میں ایک سورت پڑھتے تھے؟ فرمایا ہاں مفصلات میں سے پھر میں نے پوچھا کہ کیا آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بیٹھ کر نماز پڑھتے تھے؟ فرمایا ہاں جب لوگوں نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بوڑھا کردیا۔
-