TRUE HADITH
Home
About
Mission
Contact
سنن ابوداؤد
نماز کا بیان
امام بیٹھ کر نماز پڑھے تو مقتدی کیا کر یں؟
حَدَّثَنَا الْقَعْنَبِيُّ عَنْ مَالِکٍ عَنْ ابْنِ شِهَابٍ عَنْ أَنَسِ بْنِ مَالِکٍ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ رَکِبَ فَرَسًا فَصُرِعَ عَنْهُ فَجُحِشَ شِقُّهُ الْأَيْمَنُ فَصَلَّی صَلَاةً مِنْ الصَّلَوَاتِ وَهُوَ قَاعِدٌ وَصَلَّيْنَا وَرَائَهُ قُعُودًا فَلَمَّا انْصَرَفَ قَالَ إِنَّمَا جُعِلَ الْإِمَامُ لِيُؤْتَمَّ بِهِ فَإِذَا صَلَّی قَائِمًا فَصَلُّوا قِيَامًا وَإِذَا رَکَعَ فَارْکَعُوا وَإِذَا رَفَعَ فَارْفَعُوا وَإِذَا قَالَ سَمِعَ اللَّهُ لِمَنْ حَمِدَهُ فَقُولُوا رَبَّنَا وَلَکَ الْحَمْدُ وَإِذَا صَلَّی جَالِسًا فَصَلُّوا جُلُوسًا أَجْمَعُونَ-
قعنبی، مالک، ابن شہاب، حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک مرتبہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم گھوڑے پر سوار ہوئے اور پھر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم گھوڑے سے گرگئے تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی داہنی کروٹ چھل گئی، اس لیے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بیٹھ کر نماز پڑھی۔ ہم لوگوں نے بھی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پیچھے بیٹھ کر نماز پڑھی۔ جب آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نماز سے فارغ ہو گئے تو ارشاد فرمایا۔ امام اس لیے بنایا جاتا ہے کہ اس کی پیروی کی جائے جب وہ کھڑے ہو کر نماز پڑھے تو تم بھی کھڑے ہو کر نماز پڑھو جب وہ رکوع کرے تم بھی رکوع کرو جب وہ سر اٹھائے تم بھی سر اٹھاؤ اور جب وہ سَمِعَ اللہ لِمَن حَمِدَہ کہے تو تم، ربنا ولک الحمد، ، کہو اور جب وہ بیٹھ کر نماز پڑھے تو تم بھی سب بیٹھ کر نماز پڑھو۔
-
حَدَّثَنَا عُثْمَانُ بْنُ أَبِي شَيْبَةَ حَدَّثَنَا جَرِيرٌ وَوَکِيعٌ عَنْ الْأَعْمَشِ عَنْ أَبِي سُفْيَانَ عَنْ جَابِرٍ قَالَ رَکِبَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَرَسًا بِالْمَدِينَةِ فَصَرَعَهُ عَلَی جِذْمِ نَخْلَةٍ فَانْفَکَّتْ قَدَمُهُ فَأَتَيْنَاهُ نَعُودُهُ فَوَجَدْنَاهُ فِي مَشْرُبَةٍ لِعَائِشَةَ يُسَبِّحُ جَالِسًا قَالَ فَقُمْنَا خَلْفَهُ فَسَکَتَ عَنَّا ثُمَّ أَتَيْنَاهُ مَرَّةً أُخْرَی نَعُودُهُ فَصَلَّی الْمَکْتُوبَةَ جَالِسًا فَقُمْنَا خَلْفَهُ فَأَشَارَ إِلَيْنَا فَقَعَدْنَا قَالَ فَلَمَّا قَضَی الصَّلَاةَ قَالَ إِذَا صَلَّی الْإِمَامُ جَالِسًا فَصَلُّوا جُلُوسًا وَإِذَا صَلَّی الْإِمَامُ قَائِمًا فَصَلُّوا قِيَامًا وَلَا تَفْعَلُوا کَمَا يَفْعَلُ أَهْلُ فَارِسَ بِعُظَمَائِهَا-
عثمان بن ابی شیبہ، جریر، وکیع، اعمش، ابی سفیان، حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ (ایک مر تبہ) مدینہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم گھوڑے پر سوار ہوئے اس نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ایک درخت کی جڑ میں گرا دیا جس سے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پاؤں میں چوٹ آگئی تو ہم آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عیادت کی غرض سے گئے۔ ہم نے دیکھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے حجرے میں تشریف فرما ہیں اور بیٹھے بیٹھے تسبیح پڑھ رہے ہیں پس ہم بھی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پیچھے کھڑے ہو گئے اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہم کو (اپنے پیچھے کھڑے ہونے سے) منع نہیں فرمایا جب ہم دوسری مرتبہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عیادت کے لیے آئے تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرض نماز بیٹھ کر پڑھائی ہم لوگ بھی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پیچھے کھڑے ہو گئے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہم کو (بیٹھنے کا) اشارہ کیا تو ہم بیٹھ گئے جب آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نماز سے فارغ ہو گئے تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ جب امام بیٹھ کر نماز پڑھ رہا ہو تو تم بھی بیٹھ کر نماز پڑھو اور جب امام کھڑا ہو کر نماز پڑھے تو تم بھی کھڑے ہو کر نماز پڑھو اور تم ایسا مت کرو جیسا کہ اہل فارس اپنے بڑوں کے ساتھ کرتے ہیں (یعنی وہ بیٹھے رہتے ہیں اور لوگ کھڑے رہتے ہیں۔
-
حَدَّثَنَا سُلَيْمَانُ بْنُ حَرْبٍ وَمُسْلِمُ بْنُ إِبْرَاهِيمَ الْمَعْنَی عَنْ وُهَيْبٍ عَنْ مُصْعَبِ بْنِ مُحَمَّدٍ عَنْ أَبِي صَالِحٍ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ قَالَ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ إِنَّمَا جُعِلَ الْإِمَامُ لِيُؤْتَمَّ بِهِ فَإِذَا کَبَّرَ فَکَبِّرُوا وَلَا تُکَبِّرُوا حَتَّی يُکَبِّرَ وَإِذَا رَکَعَ فَارْکَعُوا وَلَا تَرْکَعُوا حَتَّی يَرْکَعَ وَإِذَا قَالَ سَمِعَ اللَّهُ لِمَنْ حَمِدَهُ فَقُولُوا اللَّهُمَّ رَبَّنَا لَکَ الْحَمْدُ قَالَ مُسْلِمٌ وَلَکَ الْحَمْدُ وَإِذَا سَجَدَ فَاسْجُدُوا وَلَا تَسْجُدُوا حَتَّی يَسْجُدَ وَإِذَا صَلَّی قَائِمًا فَصَلُّوا قِيَامًا وَإِذَا صَلَّی قَاعِدًا فَصَلُّوا قُعُودًا أَجْمَعُونَ قَالَ أَبُو دَاوُد اللَّهُمَّ رَبَّنَا لَکَ الْحَمْدُ أَفْهَمَنِي بَعْضُ أَصْحَابِنَا عَنْ سُلَيْمَانَ-
سلیمان بن حرب، مسلم بن ابراہیم، وہیب، مصعب، بن محمد ابوصالح، حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ امام اس لیے ہے کہ اسکی پیروی کی جائے پس جب وہ تکبیر کہے تو تم بھی تکبیر کہو اور جب تک وہ تکبیر نہ کہے تم بھی نہ کہو جب وہ رکوع کرے تم بھی رکوع کرو اور جب تک وہ رکوع نہ کرے تم بھی نہ کرو اور جب وہ سَمِعَ اللہ لِمَن حَمِدَہ کہے تو تم رَبَّنَا لَکَ الحَمد کہو اور مسلم کی روایت میں وَلَکَ الحَمد ہے اور جب وہ سجدہ کرے تو تم بھی سجدہ کرو اور جب تک وہ سجدہ نہ کرے تم بھی نہ کرو اور جب ہو (یعنی امام) کھڑے ہو کر نماز پڑھے تو تم بھی کھڑے ہو کر پڑھو اور جب وہ بیٹھ کر پڑھے تو تم سب بیٹھ کر پڑھو ابودادؤد کہتے ہیں کہ (سلیمان بن حرب نے جب یہ حدیث بیان کی تو یہ کلمہ) اَللہ رَبَنا لَکَ الحَمد میں ان سے نہیں سمجھ سکا یہاں تک کہ مجھے میرے ان ساتھیوں نے سکھایا (جو میرے ساتھ سماع حدیث میں شریک تھے)۔
-
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ آدَمَ الْمِصِّيصِيُّ حَدَّثَنَا أَبُو خَالِدٍ عَنْ ابْنِ عَجْلَانَ عَنْ زَيْدِ بْنِ أَسْلَمَ عَنْ أَبِي صَالِحٍ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ عَنْ النَّبِيِّ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ إِنَّمَا جُعِلَ الْإِمَامُ لِيُؤْتَمَّ بِهِ بِهَذَا الْخَبَرِ زَادَ وَإِذَا قَرَأَ فَأَنْصِتُوا قَالَ أَبُو دَاوُد وَهَذِهِ الزِّيَادَةُ وَإِذَا قَرَأَ فَأَنْصِتُوا لَيْسَتْ بِمَحْفُوظَةٍ الْوَهْمُ عِنْدَنَا مِنْ أَبِي خَالِدٍ-
محمد بن آدم، ابوخالد، ابن عجلان، زید بن اسلم، ابوصالح، حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا امام اس لیے ہے کہ اسکی پیروی کی جائے پھر پوری حدیث بیان کی اور اتنا زیادہ کیا کہ جب وہ قرات کرے تو تم خاموش رہو ابوداؤد کہتے ہیں کہ یہ زیادتی یعنی اِذَا قَرَاءَ فَاَنصِتُوا محفوظ نہیں ہے اور ہمارے نزدیک یہ زیادتی ابوخالد کا وہم ہے۔
-
حَدَّثَنَا الْقَعْنَبِيُّ عَنْ مَالِکٍ عَنْ هِشَامِ بْنِ عُرْوَةَ عَنْ أَبِيهِ عَنْ عَائِشَةَ زَوْجِ النَّبِيِّ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَنَّهَا قَالَتْ صَلَّی رَسُولُ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي بَيْتِهِ وَهُوَ جَالِسٌ فَصَلَّی وَرَائَهُ قَوْمٌ قِيَامًا فَأَشَارَ إِلَيْهِمْ أَنْ اجْلِسُوا فَلَمَّا انْصَرَفَ قَالَ إِنَّمَا جُعِلَ الْإِمَامُ لِيُؤْتَمَّ بِهِ فَإِذَا رَکَعَ فَارْکَعُوا وَإِذَا رَفَعَ فَارْفَعُوا وَإِذَا صَلَّی جَالِسًا فَصَلُّوا جُلُوسًا-
قعنبی، مالک، ہشام بن عروہ، حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ (ایک دن) رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے گھر میں بیٹھ کر نماز پڑھی اور باقی لوگوں نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پیچھے کھڑے ہو کر نماز پڑھی تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے انکو بیٹھنے کا (بیٹھ کر نماز پڑھنے کا) اشارہ کیا جب آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نماز سے فارغ ہوئے تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا امام اس لیے ہے کہ اسکی پیروی کی جائے لہذا جب وہ رکوع کرے تم بھی رکوع کرو اور جب وہ (رکوع سے سر) اٹھائے تو تم بھی سر اٹھاو اور جب وہ بیٹھ کر نماز پڑھے تو تم بھی بیٹھ کر نماز پڑھو۔
-
حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ بْنُ سَعِيدٍ وَيَزِيدُ بْنُ خَالِدِ بْنِ مَوْهَبٍ الْمَعْنَی أَنَّ اللَّيْثَ حَدَّثَهُمْ عَنْ أَبِي الزُّبَيْرِ عَنْ جَابِرٍ قَالَ اشْتَکَی النَّبِيُّ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَصَلَّيْنَا وَرَائَهُ وَهُوَ قَاعِدٌ وَأَبُو بَکْرٍ يُکَبِّرُ لِيُسْمِعَ النَّاسَ تَکْبِيرَهُ ثُمَّ سَاقَ الْحَدِيثَ-
قتیبہ بن سعید، یزید، بن خالد بن موہب، لیث، ابوزبیر، حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ جب رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بیمار ہوئے تو ہم نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پیچھے نماز پڑھی اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بیٹھے ہوئے تھے اور حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ (بآواز بلند) تکبیر کہتے جاتے تھے تاکہ لوگ انکی تکبیر سن لیں (کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تکبیر بیٹھے ہوئے اور بیماری کی بنا پر آہستہ ہو رہی تھی) پھر پوری حدیث بیان کی۔
-
حَدَّثَنَا عَبْدَةُ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ أَخْبَرَنَا زَيْدٌ يَعْنِي ابْنَ الْحُبَابِ عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ صَالِحٍ حَدَّثَنِي حُصَيْنٌ مِنْ وَلَدِ سَعْدِ بْنِ مُعَاذٍ عَنْ أُسَيْدِ بْنِ حُضَيْرٍ أَنَّهُ کَانَ يَؤُمُّهُمْ قَالَ فَجَائَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَعُودُهُ فَقَالُوا يَا رَسُولَ اللَّهِ إِنَّ إِمَامَنَا مَرِيضٌ فَقَالَ إِذَا صَلَّی قَاعِدًا فَصَلُّوا قُعُودًا قَالَ أَبُو دَاوُد وَهَذَا الْحَدِيثُ لَيْسَ بِمُتَّصِلٍ-
عبدہ بن عبد اللہ، زید ابن حباب، محمد بن صالح، حصین، سعد بن معاذ، اسید بن حضیر سے روایت ہے کہ وہ امامت کرتے تھے (ایک مرتبہ بیمار ہو گئے) تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم عیادت کے لیے تشریف لائے لوگوں نے عرض کیا یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہمارا امام بیمار ہے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا جب امام بیٹھ کر نماز پڑھے تو تم بھی بیٹھ کر نماز پڑھو ابوداؤد نے کہا کہ یہ حدیث متصل (الاسناد) نہیں ہے۔
-